ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار : دو سیٹوں پر ہورہے ضمنی انتخابات پر ’عظیم اتحاد ‘میں ابتک مفاہمت نہیں

بہار : دو سیٹوں پر ہورہے ضمنی انتخابات پر ’عظیم اتحاد ‘میں ابتک مفاہمت نہیں

Sat, 02 Oct 2021 12:47:08    S.O. News Service

پٹنہ ،2؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) بہار کی دو اسمبلی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے نامزدگی شروع ہو گئی ہے۔ لیکن ابھی یہ پیچ عظیم اتحاد میں الجھا ہوا ہے کہ کس پارٹی کے امیدوار پر شرط لگائی جائے گی۔ آر جے ڈی کے اپنے دعوے ہیں اور کانگریس کے اپنے۔ دریں اثنا ، ریاستی کانگریس کے صدر مدن موہن جھا کے بعد ، اب بہار کانگریس انچارج بھکت چرن داس نے بھی کشیشورستھان سیٹ پر دعویٰ پیش کیا ہے۔حالانکہ حکمراں جے ڈی یو نے دونوں حلقوں میں اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے لیکن اپوزیشن عظیم اتحاد میں ابتک مفاہمت نہیں بن سکی ہے۔کانگریس کشیشورستھان سیٹ پر اپنے امیدوار کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنا چاہتی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار کانگریس کے انچارج بھکت چرن داس نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ کانگریس پچھلی بار یہ نشست بہت کم فرق سے ہار گئی تھی۔ اس بار اگرعظیم اتحاد مضبوطی سے الیکشن لڑتا ہے تو اس سیٹ پرآسانی سے عظیم اتحاد کا قبضہ ہو سکتا ہے۔چرن داس نے کہا کہ جن دو نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں ، ان میں سے ایک کانگریس کی اور ایک آر جے ڈی کی ہے۔ لیکن اب وہاں کے موجودہ حالات کو دیکھ کر ہی فیصلے کرنے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے گراؤنڈ رپورٹ جمع کرنے کے لیے ایک ٹیم بھیجی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے بہار اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں کشیشورستھان سے اپنا امیدوار کھڑا کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ پارٹی نے ضمنی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کے انتخاب کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی انتخابی امیدواروں کی فہرست تیار کرے گی اور 2 اکتوبر کو پارٹی کو جمع کرائے گی۔ اسمبلی انتخابات 2020 میں کانگریس امیدوار ڈاکٹر اشوک کمار اس اسمبلی حلقہ سے دوسرے نمبر پر رہے ہیں اس لئے کانگریس اپنا دعوی پیش کررہی ہے۔ لیکن ابھی تک دونوں پارٹیوں میں مفاہمت نہیں ہوپائی ہے۔ اہم اپوزیشن آر جے ڈی دونوں سیٹوں پر اپنا امیدوار کھڑا کرنا چاہتی ہے۔ اسی درمیان جے این یو طلبہ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد آر جے ڈی کی بے چینی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور سابق راجیہ سبھا رکن شیوانند تیواری نے یہاں تک کہا کہ کنہیا کمار کو کانگریس کا قومی صدر بنایا جانا چاہیے جو کہ خالی پڑی ہے۔ شیوانند تیواری پہلے ہی کانگریس اور راہل گاندھی پر حملہ کر چکے ہیں۔


Share: